طاہر القادری کی انتخابی اصلاحات تیار، ایگزیکٹو آرڈر سے نافذ کرنے کی تجویز

Jan 10, 2013

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے تحریک منہاج القرآن کے انتخابی اصلاحات کمشن کے چیئرمین کنور دلشاد نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو 45 سفارشات پر مشتمل رپورٹ پیش کر دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے الیکشن کسی صورت ملتوی نہ کئے جائیں۔ یہ رپورٹ 50 صفحات پر مشتمل ہے۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اصلاحات صدارتی آرڈیننس اور ایگزیکٹو آرڈر سے نافذ کی جا سکتی ہیں۔ ان سفارشات پر عمل درآمد سے تمام سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچے گا۔ سفارش کی گئی ہے بیلٹ پیپر میں اس بات کی گنجائش رکھی جائے کہ اگر کوئی ووٹر کسی امیدوار کو آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتا تو ووٹر کو اس بات کا حق دیا جائے کہ وہ اسے ووٹ نہیں دینا چاہتا تو اس پر لکھ سکے کہ وہ کسی کو ووٹ کا اہل نہیں سمجھتا۔ اگر اس حلقہ انتخاب کے 30 فیصد ووٹرز بیلٹ پیپر میں درج امیدواروں کو مسترد کر دیں تو ازسرنو انتخابات کرائے جائیں۔ سفارش کی گئی ہے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے 3 کی بجائے 10 روز کی مہلت دی جائے۔ امیدوار کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ سٹیٹ بنک، نیب سے اس بات کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں کہ وہ نادہندہ نہیں۔ کمشن نے سفارش کی ہے ہر حلقہ انتخاب میں کامیاب امیدوار کیلئے 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا جائے۔ اگر کوئی امیدوار 51 فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکے تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں میں مقابلہ کرایا جائے۔ سفارش کی گئی ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کو لازمی قرار دیا جائے۔ 

مزیدخبریں