اسلام آباد (خبر نگار) سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنی نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کی درخواست اوگرا کو ارسال کر دی۔ منظوری کے بعد گھریلو اور کمرشل صارفین کیلئے گیس مہنگی ہو جائے گی اوگرا حکام کے مطابق سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی درخواست دی گئی ہے جس کے مطابق سوئی سدرن کمپنی نے فی مکعب گیس کی قیمت پر 41.26 روپے اضافہ کی درخواست کی ہے جس سے 14 ارب 40 کروڑ روپے کا ریونیو شارٹ فال پورا کیا جا سکے گا۔گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق سماعت 22 جنوری کو کی جائے گی جبکہ سوئی نادرن گیس کمپنی کے مطابق ادارے کا ریونیو شارٹ فال 53 ارب روپے ہے جسے پورا کرنے کیلئے گیس کی فی مکعب قیمت 96.80 روپے بڑھانے کی درخواست اوگرا کو ارسال کی گئی جس کی سماعت 26 جنوری کو کی جائے گی۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب گھریلو اور کمرشل صارفین کیلئے گیس مہنگی ہو جائے گی جبکہ صنعتوں میں تیار ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔