جہلم (نامہ نگار) جہلم کے علاقہ بلال ٹاﺅن کی رہائشی دو سگی بہنوں نے 18 لاکھ کی خطیر رقم کو بنک سے نکلوانے کے بعد سڑک پر رکھ کر آگ لگا دی، بنک عملہ کی جانب سے وقوعہ کے وقت کوئی مزاحمت سامنے نہ آئی۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے پوش علاقے بلال ٹاﺅن کی رہائشی دو سگی بہنوں ناہید اور روبینہ نے دن تقریباً ایک بجے مقامی نیشنل بنک ٹاہلیانوالہ برانچ سے 18 لاکھ روپے نکلوائے اور بنک کے سامنے سڑک کنارے رکھ کر آگ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق خواتین کے پاس پستول بھی موجود تھا، رقم جلانے کے بعد خواتین موقع سے چلی گئیں۔ خواتین کے بھائی اظہر کے مطابق دونوں بہنیں نفسیاتی مریضہ ہیں، مرض کے بارے میں متعلقہ بنک مینجر کو بھی آگاہ کیا جا چکا تھا کہ ان کو کسی بھی صورت کثیر رقم کا اجرا نہ کیا جائے۔ بنک مینجر سے تفصیلات طلب کیں تو اس نے معلومات دینے اور چیک دکھانے سے انکار کر دیا اور کہا پہلے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے، خواتین کے بڑے بھائی ظفر کے مطابق خواتین کے پاس اگر اسلحہ موجود تھا تو بنک عملہ نے کیونکر انہیں مسلح حالت میں جانے کی اجازت دی۔ پولیس تھانہ صدر نے دونوں خواتین کے خلاف رپورٹ درج کر لی۔
رقم / آگ لگا دی