اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سنگین غداری کیس میں ملزم پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف شدید بیمار ہیں، انھیں مزید آرام کی ضرورت ہے، مکمل صحت یاب ہونے تک انھیں خصوصی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ مقدمہ کی سماعت کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پراسیکیوٹر اکرم شیخ، پرویز مشرف کو سزا دلانے کیلئے تلے ہوئے ہیں، ملزم کی میڈیکل رپورٹ ٹی وی پر دکھائی گئی ہے جو اکرم شیخ کی جانب سے میڈیا کو جاری کی گئی ہے۔ یہی لوگ ہیں جنہوں نے 1999ء میں پاک فوج کیخلاف امریکی اخبارات کو اشتہارات دیئے تھے، انہوں نے خصوصی عدالت سے مطالبہ کیا کہ خفیہ میڈیکل رپورٹ میڈیا کو جاری کرنے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔ کسی کی بیماری کی رپورٹ رائٹ آف پرائیویسی میں آتی ہے، قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو بھی ٹی بی تھی مگر ان کی میڈیکل رپورٹ کو خفیہ رکھا گیا تھا۔ انہوں نے ملزم کی جانب سے ملنے والی فیس کی رقم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں صرف ان کا وکیل ہی نہیں، ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کا سینئر نائب صدر بھی ہوں، میری فیس پرویز مشرف کا مجھ پر اعتماد اور ان کا پیار ہے۔ اے ایف آئی سی کی میڈیکل رپورٹ میں پرویز مشرف کو مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے ابھی تک انہیں ہسپتال سے چھٹی نہیں دی۔ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کو میڈیا کے سامنے کھول دیا گیا ہے جس کا فائدہ پرویز مشرف کے مخالفین اٹھا سکتے ہیں‘ عدالت سے درخواست کی ہے کہ جب تک پرویز مشرف مکمل صحت یاب نہیں ہوتے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ لیک ہونا آرٹیکل 14 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ میں نے عدالت کو یہ بتایا ہے کہ میڈیکل رپورٹ پراسیکیوٹر کی جانب سے میڈیا کو دی گئی ہے۔ وکیل فیصل چوہان نے کہا کہ پرویز مشرف ٹھیک ہوئے تو ہی 16جنوری کو عدالت میں حاضر ہو سکتے ہیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ نہیں مانگا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف 16جنوری کو ٹھیک ہوئے تب ہی وہ عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔
پراسیکیوٹر اکرم شیخ مشرف کو سزا دلانے کیلئے تلے ہوئے ہیں: احمد رضا قصوری
Jan 10, 2014