نئی د ہلی (اے این این) نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ ارویند کجروال نے پار ٹی دفتر پر بھارتی انتہا پسندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی جان دینے کو تیار ہوں، بی جے پی، آر ایس ایس اور شیو سینا بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، میرے مرنے سے کشمیری عوام کو ان کا حق ملتا ہے تو انتہا پسند جہاں چاہیں مجھے مار سکتے ہیں، انتہا پسند جماعتوں کے ساتھ کشمیر کے مسئلے پر مناظرے کے لئے تیار ہیں، حملوں سے حقیقت کو بدلا نہیں جا سکتا۔ دہلی کے غازی آباد علاقے میں قائم کئے گئے عام آدمی پارٹی کے دفتر پر آر ایس ایس کارکنوں کی جانب سے دھاوا بولنے اور پارٹی لیڈر پرشانت بھوشن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے بارے میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ ارویند کجروال نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہندو انتہا پسندوں نے عام آدمی پارٹی پر ماضی میں بھی حملے کئے اور مستقبل میں بھی اسطرح کی کارروائیاںعمل میں لا رہے ہیں۔ میرے دفتر پر حملہ کرنے والوں سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے قتل کرنے سے کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے تو میں اس کے لئے رضامند ہوں۔ میرے دفتر پر حملے کرنے والوں کو میں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر ایک کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی زندگی بہتر ہوسکے اور ان کا مسئلہ حل ہو جائے تو میں مرنے کے لئے تیار ہوں۔ حملہ کرنے والے جگہ بتا دیں جہاں میں پہنچ جاؤں گا۔ ارویند کجروال نے کہاکہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر میں فوج کی تعیناتی اسے بارکوں میں واپس بھیجنے کا معاملہ مرکزی حکومت کے ہاتھ میں ہے تاہم ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ ریاست جموں و کشمیرکے لوگوں کے جذبات اور احساسات کو بھی کچلا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر پرشانت بھوشن نے کشمیر کے معاملے میں دیئے گئے بیان کو اپنا ذاتی بیان قرار دیا ہے اور عام آدمی پارٹی کو اس کے سا تھ دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ انھوںنے کہاکہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی جانب سے اس سے پہلے بھی ارویند کجروال اور پرشانت بھوشن سمیت دوسرے لیڈروں پر حملے ہوئے ہیں تاہم صورتحال جوں کی توں ہے اگر اس طرح کے حملوں سے آر ایس ایس اور بی جے پی کشمیر میں حالات کو سدھارنا چاہتے ہیں تو میں اس کے لئے تیار ہوں۔
عام آدمی پارٹی کے دفتر پر بھارتی انتہا پسندوں کے حملے کی مذمت‘ میرے قتل سے مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے تو تیار ہوں: سربراہ عام آدمی پارٹی
Jan 10, 2014