لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹروبس سسٹم کے جدید نظام سے شہر لاہور کو نئی شناخت ملی ہے، شہریوں کو آرام دہ، باکفایت اور برق رفتار سفری سہولتیں میسر آئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس سسٹم کی ریکارڈ کامیابی کے بعد راولپنڈی میں بھی جلد میٹرو بس سروس کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں میٹروبس سسٹم کے ذریعے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے نئے کلچر سے روشناس کرایا ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ کو عوام میں زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ میٹروبسوں کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں اور میٹرو بس منصوبے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور انہیں عوام کی فلاح کیلئے ہی خرچ کیا جا رہا ہے، میٹرو بس سسٹم قوم کے وسائل عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کی عمدہ مثال ہے۔ راولپنڈی میں میٹرو بس کے منصوبے کا جلد سنگ بنیادرکھا جائے گا اور یہ منصوبہ بھی فن تعمیر اور شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہو گا۔ جس طرح لاہور میں میٹرو بس کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا اسی طرح راولپنڈی میں بھی میٹرو بس کے منصوبے پر دن رات کام کر کے اسے تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس سروس کا ٹریک 20.5 کلومیٹر پر محیط ہو گا جس پر 24 مین سٹیشن بنائے جائیں گے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے گذشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل سے آگا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس میرٹ، سادگی اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیاگیا ہے۔ قومی وسائل کی ایک ایک پائی نہایت شفاف طریقے سے عوام کی فلاح پر صرف کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن، جہالت، غربت، بیروزگاری اور توانائی کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔ انشاء اللہ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی اور ملک و قوم کو مسائل سے چھٹکارا ملے گا۔ پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ عوام کو اشیاء ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے لئے جدید پرائس کنٹرول مکنیزم پر عمل کیا گیا جس کی بدولت اشیاء صرف کی قیمتوں میں استحکام آیا۔ پرائس کنٹرول مکنیزم پر مستقل طور پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جا رہا ہے اور متعدد ممالک کی توانائی کی کمپنیوں سے توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے معاہدے کئے گئے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر برق رفتاری سے عملدرآمد کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے توانائی کے شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت سولر‘ ہائیڈل‘ گنے کے پھوگ‘ ہوا‘ بائیوگیس‘ بائیوماس اور کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ہمارے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے توانائی بحران کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے اداروں کی استعداد کار میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ مختلف محکموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کران کی کارکردگی اور عوام کو خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو عوام کے لئے بہترین خدمات فراہم کرنے والا ادارہ بنایا جائے گا اور اس کی تمام خدمات کو کمپیوٹر ائزڈ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ ایکسائز پراپرٹی ٹیکس، ٹوکن ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کو جلد مکمل کرے۔ کرپشن ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے اور کرپشن کو مکمل طورپر ختم کئے بغیرترقی اورخوشحالی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اورسرکاری اداروں کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں کرپٹ افسروں اور عملے کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی خدمات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے تمام امور شفاف انداز سے چلانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے روزنامہ ’’اساس‘‘ لاہور کے نیوز ایڈیٹر عبدالوحید چودھری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
راولپنڈی میں بھی جلد میٹرو بس منصوبہ شروع ہو گا‘ پنجاب کو مثالی صوبہ بنائینگے: شہباز شریف
Jan 10, 2014