اللہ عمران اور اہلیہ کو خوش رکھے، شادی سے ہماری بیویاں بھی ڈرنے لگی ہیں: جاوید ہاشمی

Jan 10, 2015

اسلام آباد (این این آئی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دلی ہمدردیاں عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ دونوں کو خوش رکھے، شادی سے ہماری بیویاں بھی ڈرنے لگی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہاکہ عمران خان کو دل کی گہرائیوں سے شادی کی مبارکباد دیتے ہیں وہ بے تکلف دوست ہیں، تاہم اْن کی شادی سے ہماری بیویاں بھی ڈرنے لگی ہیں کہ دوسری شادی نہ کرلیں، جاوید ہاشمی نے کہاکہ شیخ رشید بھلے 60سال کے ہوں، وہ اْن کی عمر کے ہیں، اب شیخ رشید کو کیا مشورہ دیں؟ انہوں نے کہاکہ فوجی عدالتوں کو منی مارشل لاء نہیں کہا جاسکتا ہے، سچی بات یہ ہے کہ ججوں نے بھی فیصلے نہیں کئے۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ اگر عمران خان اپنے ولیمے میں بلاتے تو وہ ضرور جاتے، عمران خان کو شادی کی مبارکباد دینے بنی گالہ جائیں گے۔

مزیدخبریں