کالاباغ ڈیم کی تعمیر، اے پی سی بلا کر ریفرنڈم کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

Jan 10, 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میںکالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر ریفرنڈم کرانے کے لئے آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی۔ وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے اے پی سی بلائی جا سکتی ہے تو کالا باغ ڈیم جیسے اہم قومی معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلا کر ریفرنڈم کیوں نہیں کرایا جا سکتا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم نہ بننے سے ہزاروں فیکٹریاں بند اور لاکھوں مزدور بے روز گار ہو چکے ہیں، ملک اندھیرے میں ڈوبا ہے اور زرعی زمینیں بنجر ہو رہی ہیں۔ ملک توانائی کے شدید بحران میں مبتلا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فاضل عدالت تمام سیاسی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس کر کے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ریفرنڈم کرانے کے احکامات صادر کرے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے سپریم کورٹ میں موجود درخواست پر بھی جلد سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا جائے۔

مزیدخبریں