پشاور(بیورورپورٹ)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کو پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ جدوجہد سے یقینی بنایا جا سکتا ہے جس کیلئے دونوں ممالک کو مل کام کرنا ہوگا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے صدر اشرف غنی، سابق افغان صدر حامد کرزئی،عبداللہ عبداللہ، افغان پارلیمنٹ کے ارکان، سیاسی مشیران اور دیگر اہم افغان حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا۔آفتاب احمد خان شیرپائو اور اشرف غنی نے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سینیٹر افراسیاب خٹک نے اشرف غنی کو اسفندیار ولی خان کا خصوصی پیغام پہنچایا ملاقات کے دوران خطہ میں دہشتگردی کو شکست دینے اور قیام امن کی ضرورت پر زور دیا گیا دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی اشتراک کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔