”اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے“ قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی نے حضور ﷺ کی شان میں یوم ولادت باسعادت کے حوالے سے تہنیت کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی۔ جماعت اسلامی کی رکن عائشہ سید نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ وہ نبی پاکﷺ کی ولادت باسعادت کے حوالے سے ایوان میں قرارداد پیش کرنا چاہتی ہیں۔ اجازت ملنے پر انہوں نے قواعد معطل کرنے کی تحریک پیش کی جو ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حضور سرور کائنات ‘ رحمة للعالمین‘ خاتم النبیین والمرسلین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے حضور نبی کریمﷺ کو خراج عقیدت اور آپ سے اپنی عقیدت و محبت کے اظہار کے لئے آپ کی ولادت باسعادت کے موقع پر ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ چونکہ آپ کی ذات اقدس مسلمانان عالم کے لئے سرچشمہ حیات اور آپ کی تعلیمات تمام انسانیت کے مشعل راہ اور دنیا بھر میں امن و آشتی کا واحد ذریعہ ہیں اس لئے یہ ایوان اللہ رب العزت کے بعد کائنات کی سب سے عظیم ہستی کو ان کی ولادت باسعادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور یہ عہد کرتا ہے کہ آپ کی غلامی میں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو آپ کی تعلیمات کے مطابق بناتے ہوئے اور آپ کے اسوہ حسنہ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہو کر انشاءاللہ پاکستان اور دنیا بھر کو امن و سکون کا گہوارا بنائیں گے۔
قرارداد

ای پیپر دی نیشن