اسلام آباد (خبرنگار) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی کے بحران کے پیش نظر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل وقت کا تقاضا ہے منصوبے کی تعمیر میں تا خیر اور معیار میں کمی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے اِن خیالات کا اظہار گزشتہ روزآزاد کشمیر میں زیر تعمیر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔چیئرمین واپڈا ظفر محمود، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈ) محمد زبیر ، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹر کے نمائندے بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیرِ مملکت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور اِس دوران ٹنل بورنگ مشینوں کے کام کا بھی مشاہدہ کیا ۔