لاہور (خبر نگار) تحفظ حرمین شریفین کیلئے، تن من دھن سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے سربراہ میاں محمد جمیل نے عشرہ تحفظ حرمین شریفین کے سلسلے میں سیمینارز اور کانفرنسوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف پالیسی واضح کریں۔ پارلیمنٹ بھی ماضی کی طرح قرار دادیں لاکر کھلواڑ نہ کرے اور پاک سعودی دوستی کا مذاق نہ اڑائے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے تنازعات شیعہ سنی نہیں بلکہ جغرافیائی اور سیاسی ہیں۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ عرب ملکوں کا اتحاد بھی امن و امان کیلئے ہے۔