قومی مفادات کا تحفظ سب سے اہم‘ وقت آنے پر سعودی عرب‘ ایران میں ثالثی کرینگے : سرتاج عزیز

لاہور+اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت مذاکرات کا شیڈول ابھی تک برقرار ہے۔ پٹھانکوٹ واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہو، یہ ہماری خواہش ہے ثالثی کیلئے ایک خاص وقت ہوتا ہے۔ پاکستان وقت آنے پر کردار ادا کریںگے سب سے پہلے ہمارے اپنے مفادات کا تحفظ اہم ہے کوشش ہے۔ سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کو فرقہ واریت کا رنگ نہ دیا جائے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی سے دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اسلامی دنیا کو کوشش کرنی چاہئے کہ تناﺅ کو کم کیا جائے۔ بی بی سی کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے پاکستان خاص وقت پر اپنا کردار ادا کریگا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ وہاں جو تفرقہ بڑھ رہا ہے اسکو شیعہ سنی کا نام دیا جا رہا ہے کوشش ہے یہاں (پاکستان میں) اس کا اثر نہیں ہونا چاہئے کہ ایک دوسرے کیخلاف جلوس نکالے جائیں ہمیں بہت سوچ سمجھ کر اور احتیاط سے آگے بڑھنا ہے۔ اس کشیدگی کو ہوا نہیں دینی چاہئے۔ پاکستان عدم مداخلت کے اصول پر کاربند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک سائیڈ کہہ رہی ہے کہ آپ ہمارا ساتھ دیں اور ہم کہیں ہم درمیان میں ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم انکار کر رہے ہیں۔ ایک طرف کشیدگی بڑھ رہی ہے تو ہم وقت آنے پر ہی ثالثی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ نیشنل کالج آف آرٹس میں سالانہ تھیسز ڈگری شو کے انعقاد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسلامی دنیا میں کشیدگی کم ہو اور اسلامی دنیا کا اتحاد رہے ۔ دو ممالک کے درمیان ثالثی کرانے کا ایک صحیح وقت ہوتا ہے اور یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے۔ یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ کس کی کیا خواہش ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ اعلان کر دیا جائے کہ ہم صلح کرانے آرہے ہیں۔ ڈپلومیسی میں عمدہ بیلنس کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ہم دونوں کی بات سن رہے ہیں اور وقت آنے پر پاکستان ضرور اپنا کردار ادا کریگا۔

ای پیپر دی نیشن