لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں نے کہا ہے وزیراعظم سپریم کورٹ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ عمران کی چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کی کوششیں دم توڑ دیں گی۔ نوازشریف نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی وہ فیتے کاٹنے کے حقدار ہیں۔ خان صاحب کو اپنا بویا ہوا کاٹنے کو ملے گا جس دن ہمارے وکلا دلائل دیں گے سارا کیس صاف ہو جائے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ عمران خان کے وکلاءنے تو دلائل دے دیئے لیکن عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔ ہمارے وکلاءدلائل شروع کریں گے تو ان کی بولتی بند ہو جائے گی کیونکہ پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہٹ چکی ہے اور اب اس مقدمے میں بس گپ شپ ہی رہ گئی ہے۔ دانیال عزیز نے کہا نعیم بخاری کے دلائل میں وزن نہیں تھا اور ان سے جو سوال بھی پوچھا جائے انہیں جواب ہی نہیں آتا، آج کورٹ میں پانی وچ مدانی پھیری جا رہی تھی، ہم روز بروز خوشخبری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہامسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ کو ہی بڑا امپائر سمجھتی ہے۔ عمران کے جھوٹ بے نقاب کرنے کیلئے میڈیا پر آتے ہیں۔ مائزہ حمید نے کہا عمران خان پہلے الزام خان بنے اور اب بہتان خان بن چکے ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ خان کے گزشتہ روز فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے خیالات کو خود وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے بھی لاعلمی قرار دے دیا تھا۔ تاہم ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناءاللہ خان نے پہلے بیان سے رجوع کرلیا اور فوجی عدالتوں کے حوالے سے کہا ہارا جوڈیشل سسٹم انڈر سٹریس تھا۔ ملٹری کورٹس کے قیام سے اس کو ریلیف ملا۔ ان کورٹس کا قیام ہنگامی حالات کیلئے ہنگامی اقدامات تھا جس کا قابل قدر فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں پولیس کے فرسودہ نظام کے خاتے کیلئے فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو ایک انقلابی قدم ہے۔ فرنٹ ڈیسک پہلے لاہور میں شروع کیا گیا ہے اور اسی سال اسے پنجاب کے 114 تھانوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا یہ نظام 25سال پہلے نافذ کر دیا جاتا تو پنجاب میں پولیس کا فرسودہ نظام ختم ہوچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا ہم قوم کو فرسودہ نظام سے نجات دلائیں گے۔ سائنسی بنیادوں پر تفتیشی نظام سے رشوت کی لعنت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے 10ارب روپے لاگت سے فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس سے دیگر صوبے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سٹریٹ کرائمز کاخاتمہ کیا جائے گا، پہلے سٹریٹ کرائمز کی طرف زیادہ توجہ نہیں دی جاسکی کیونکہ ملک کو دہشت گردی کا سامنا تھا۔ انسداد دہشت گردی فورس قائم کی گئی جو مو¿ثر قوت کے طور پر سامنے آئی جس نے پنجاب میں بھرپور کارروائیاں کیں اور تقریباً 300 دہشت گرد مارے۔ وقت کے ساتھ انسداد دہشت گردی فورس کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے۔ این این آئی کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے رانا ثناءاللہ کا فوجی عدالتوں کے قیام پر بیان لاعلمی کی بنیاد پر ہے۔ ایک وضاحتی بیان میں وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے اہم کردار ادا کیا۔ فوجی عدالتوں نے آئین کے مطابق دی گئی ذمہ داریوں کو میسر وقت میں بخوبی سرانجام دیاہے۔
نواز شریف نے عوام کی خدمت کی فیتے کا ٹنے کے حقدار ہیں عمران اپنا بویا کاٹیں گے:مسلم لیگ ن
Jan 10, 2017