لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گریڈ ٹو میں شرکت کرنیوالے محکموں اور قائداعظم ٹرافی کیلئے ٹیموں کے منیجرز کی تعیناتی کیلئے نیا قانون متعارف کروایا ہے۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ نئے قوانین کے تحت ٹیم مینجر کے لیے کم از کم ایف اے کی تعلیمی شرط رکھی گئی ہے۔ سینئر ون ڈے ٹورنامنٹ میں بھی مینجر کا ایف اے پاس ہونا ضروری ہے۔ گریڈ ٹو کھیلنے والے محکموں کو بھی کرکٹرز کو کم از کم ایک سال کا کنٹریکٹ دینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔گریڈ ٹو کھیلنے والے تمام سرکاری اور پرائیویٹ محکمے اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ ایک سال کے معاہدے کے پابند ہونگے۔ اس سطح پر بھی کرکٹرز کو سالانہ معاہدے کے تحت ہر ماہ تنخواہ دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق گریڈ ٹو کھیلنے والے سرکاری اداروں کی ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کو کم از کم تیس ہزار تنخواہ دینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ اداروں کی ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کی کم از کم ماہانہ تنخواہ پچیس ہزار مقرر کرنا ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، ون ڈے ٹورنامنٹ اور قومی سطح کے ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں بھی کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ڈیلی الا¶نس میں اضافہ کیا ہے۔