بنوں+ پشاور+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) بنوں کے علاقے بیزن خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے اہلکار شہید ہوگیا۔ جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آور ہلاک کردیئے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے پھلوں کی ریڑھی میں چھپایاگیا 15 کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے کارخانوں مارکیٹ میں کی گئی، جبکہ بارودی مواد پھلوں کی ایک ریڑھی میں رکھے گیس سلنڈر میں چھپایا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول سے منسلک کیا گیا تھا جس کا مقصد قریبی باڑہ مارکیٹوں میں آنے والوں کو نشانہ بنانا تھا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پی کے نے 3 خطرناک دہشت گردو کو بم نصب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جن کے قبضہ سے خودکار اسلحہ دستی بم اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ٹارگٹ کلرز کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے مقبول داوڑ گروپ سے ہے جو دہشت گردی بھتہ خوری پولیس ٹارگٹ کلنگ اور ان سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں مستونگ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سڑ ک کنارے نصب آئی ای ڈی نا کارہ بنا دی گئی۔ گذشتہ روز مستونگ کے عدالت روڈ پر اعلی حکام کو ٹارگیٹ کرنے کے لئے سڑ ک کنارے ایک آئی ای ڈی نصب کی گئی تھی جسے ایک بچہ اٹھا کر گھر لے آیا تھا بچے کے والد نے مشکوک چیز کی اطلاع سکیورٹی فورسز کو دی جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر آئی ای ڈی کو نا کارہ بنادیا۔ بم ڈسپوزل عملے کے مطابق آئی ای ڈی 10 کلو وزنی تھی۔ این این آئی کے مطابق خانیوال میں حساس اداروں اور پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور شراب برآمد کر لی۔