بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری‘ قائمہ کمیٹی کا گیس پریشر میں کمی پر اظہار برہمی

Jan 10, 2017

لاہور+اسلام آباد +کوئٹہ (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نمائندہ) بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، کاروبار متاثر رہے جبکہ گیس کی بندش کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے جبکہ کمیٹی پٹرولیم نے کھانے پینے کے اوقات میں گیس پریشر کم ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ گزشتہ روز سردی کی شدت بھی برقرار رہی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں گیس کی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ ڈسکہ سے نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تاجروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ مانگا منڈی سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور بجلی کی بروقت ترسیل کا مطالبہ کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گزشتہ دو روز سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ صبح سویرے سکول دفاتر اور کاروبار کو جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا، گیس نہ ہونے کی وجہ سے سکول، کالج‘ دفاتر اور کاروبار پر جانے والے افراد ناشتے کیلئے ہوٹلوں اور بیکریوں پر چکر لگانے پر مجبور ہوگئے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے نادہندہ سی این جی سٹیشنز کو ایل پی جی ری فیولنگ کے لائسنس جاری نہ کیے جائیںاور ان سے بقایا جات کی وصولی کے لیے نوٹسز جاری کیے جائیںجب تک بقایاجات وصول نہیں ہوتے سی این جی کو ایل این جی پر منتقل نہ کرنے دیا جائے ۔کمیٹی نے ملک کے مختلف حصوں میںکھانے پینے کے اوقات میں گیس کے کم پریشر کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ پیک آورز میں گیس کا پریشر بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا نے کمیٹی کو آگاہ کیاکہ ملک میںچار ارب مکعب فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے۔جس کی وجہ سے کم پریشر کا مسٗلہ سامنے آرہا ہے۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیرٗمین بلال احمد ورک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوٗس میںمنعقد ہوا۔کمیٹی کو انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم بارے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی گوادر سے ایران پاکستان سرحد تک تعمیر ایران پر سے عالمی پابندیاں ختم.ہونے کے بعد شروع کی جائیگی۔ٹاپی منصوبے کا راہداری منصوبہ طے پا گیا ہے۔بھارت پاکستان اور افغانستان کو راہداری فیس ادا کرے گا۔ رکن کمیٹی نواب علی وسان نے سندھ میں گیس کی لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں دیگر صوبوں کی نسبت گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ این این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری ا مکان ہے ٗ پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر مزید 3 سے 4 روز جاری رہ سکتی ہے ۔ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران پنجاب اور خیبر پی کے کے میدانی علاقوں میں کورا پڑنے کی بھی توقع ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہاتاہم سیالکوٹ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔علاوہ ازیں بلوچستان میں تمام سی این جی سٹیشنز 15دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ایس ایس جی ایس کے مطابق بلوچستان میں سی این جی سٹیشنز 10 تا 25جنوری تک بند رہیں گے۔ سوئی سدرن گیس کے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی ہوگئی ہے۔ بلوچستان میں شدید سردی سے گیس سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں