کوئٹہ/ لاہور (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں خودکش دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔ دھماکہ بلوچستان اسمبلی کے قریب ٹی این ٹی چوک پر ہوا۔ دھماکہ اسمبلی اجلاس کے اختتام کے تھوڑی دیر بعد ہوا اور اس میں سکیورٹی کے لئے تعینات پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی اسمبلی اور اطراف کی عمارتیں لرز اٹھیں۔ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی غیر متعلقہ شخص کو ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے ارکان اجلاس ختم ہونے کے بعد عمارت سے باہر نکل رہے تھے۔ شہید اہلکاروں میں احسان اللہ، منیر احمد، زین العابدین اور خیرالدین شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ ابتدئی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر اسمبلی کی طرف جارہا تھا لیکن پولیس کی بھاری نفری کی وجہ سے اسمبلی تک نہیں پہنچ سکا۔ جب اس نے دیکھا کہ وہ اسمبلی نہیں پہنچ سکے گا تو قریب موجود پولیس ٹرک سے موٹر سائیکل ٹکرا دی۔ اس وقت پاس سے بس گزر رہی تھی، وہ بھی متاثر ہوئی جس سے 17 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکہ بلوچستان اسمبلی سے 300 میٹر کے فاصلے پر ہوا۔ 17 میں سے 12 افراد شدید زخمی ہیں، انہیں ٹراما سینٹر داخل کرا دیا گیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کا چارج سنبھال لیا۔ فی الحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ صدر، وزیراعظم اور سیاسی و مذہبی رہنماﺅں نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کوئٹہ میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اتحادی ملک افغان جنگ پاکستان منتقل کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ بھارتی قونصل خانوں سے دہشت گردوں کو ٹریننگ دیکر پاکستان داخل کیاجارہا ہے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں دہشتگرد دھماکے کی مذمت کی ہے انہوں نے کہا دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہازخمیوں کے علاج کا بہتر بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کو شکست دینا قومی فریضہ ہے۔دریںاثناءسابق صدر آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دھشت گردی کی مذمت کی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے کہا دہشت گرد اور ان کے سرپرست ناقابل معافی ہیں۔
خودکش دھماکہ