وفاقی و صوبائی ٹیکس نظام میں ڈبل ٹیکسیشن کا خاتمہ کیا جائے: ملک طاہر

لاہور (ا ین این آئی) وفاقی و صوبائی ٹیکس نظام میں ہم آہنگی لاکر ڈبل ٹیکسیشن کا خاتمہ کیا جائے۔ یہ مطالبہ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹوکمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ دوہرے ٹیکس کاروباری برادری کے مسائل میں اضافہ کررہے ہیں، وفاقی و صوبائی ٹیکسوں میں ہم آہنگی لاکر اس مسئلے سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ معیشت میں نمایاں کردار رکھنے والی بڑی سروسز انڈسٹریز پر ٹیکسوں کی شرح رعایتی ہونی چاہیے، اس سے انہیں مقامی و بین الاقوامی سطح پر نشوونما کا موقع ملے اور حکومت کے محاصل بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی ٹیکسوں میں ہم آہنگی بہت ضروری ہے تاکہ دوہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جاسکے، اگر خدمات مہیا کرنے والے پنجاب جبکہ خدمات وصول کرنے والے سندھ کے رہائشی ہیں تو خدمات مہیا کرنے والا ٹیکس پنجاب ریونیو اتھارٹی کے پاس جبکہ خدمات وصول کرنے والا سندھ ریونیو بورڈ کو سیلز ٹیکس دینے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اور سندھ ریونیو بورڈ خدمات پر مختلف شرحوں سے ٹیکس وصول کررہے ہیں جس سے صوبوں کے درمیان مسابقت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے، اس سلسلے میں تمام ریونیو بورڈز کو مشترکہ قواعد و ضوابط وضع کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب سے محاصل کی وصولی پنجاب ریونیو اتھارٹی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور بورڈ آف ریونیو (پنجاب) کررہے ہیں، یہ تمام وصولی ایک ہی وزارت یا باڈی کے ماتحت کردی جائے تو تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا ہونگی۔

ای پیپر دی نیشن