اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اصلاح معاشرہ اور دین کی تعلیمات پر موثر طریقے سے عمل درآمد کے لیے اجتہاد نا گزیر ہے، اس سلسلے میں علمائے کرام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اجتہاد کی صلاحیت رکھنے والے علمائے کرام تیار کریں تاکہ جدیدعہد کے تقاضے کی تکمیل کی جا سکے۔صدر مملکت نے یہ بات ممتاز عالم دین ڈاکٹر سید سلمان ندوی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں اپنے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کے لیے علمائے کرام پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ اور برصغیر کے علما نے اس سلسلے میں قابلِ قدر کردار ادا کیاہے لیکن رفتہ رفتہ معاملات اصلاح سے روایت کی طرف منتقل ہو گئے جس سے صورت حال تبدیل ہو گئی۔
اصلاح معاشرہ اور دینی تعلیمات پر عملدرآمد کیلئے اجتہاد ناگزیر ہے: صدر ممنون
Jan 10, 2018