امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان مذاکراتی میز پر آئے گا اور اپنی سرزمین پر دہشتگرد گروپوں کے خلاف جارحانہ کارروائی کریگا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ سٹیوگولڈ سٹین نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تمام دہشتگردوں کے ساتھ بلاامتیاز نمٹنے کیلئے تعاون کرنے پر تیار ہے اور ہم ملک کے ساتھ دوطرفہ سکیورٹی تعلقات کے ازسرنو آغاز اور مضبوطی کیلئے اس بات کی امید رکھتے ہیں کہ اسلام آباد مذاکراتی میز پر آئے گا اور اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کے خلاف جارحانہ کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے امریکہ نے اپنا موقف پاکستان پر بالکل واضح کردیا ہے۔ انہوں نے کہا سکیورٹی امداد بند کرنے کا مطلب پاکستان کے ساتھ بائیکاٹ ہرگز نہیں اور نہ ہی ان فنڈز کے حوالے سے کوئی دوبارہ پروگرام بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی عوام بھی دہشتگردی سے بری طرح متاثر ہیں جبکہ ملک کی مسلح افواج نے ان دہشتگرد گروپوں کیخلاف موثر کارروائیاں بھی کی ہیں جو کہ اس کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کا ہم اچھی طرح ادراک کرتے ہیں۔