معیشت وینٹی لیٹر پر، عوام سکتے میں ہیں: حمزہ شہباز

Jan 10, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت وینٹی لیٹر پر اور عوام سکتے میں ہیں، ایٹمی قوت کو آج بھکاری کی شکل میں پیش کیا جارہا ہے، کوئی این آر مانگ رہے ہیں اور نہ ہی حکومت گرانے کا ہمارا کوئی ارادہ ہے، جلد ہی آپ اپنے جھوٹ کے بوجھ تلے خود دب جائیں گے، عمران خان کے خلاف کارروائی نیب کیلئے اب ایک چیلنج ہے، وہ نیب کے پیچھے چھپنا اور ڈرانا چھوڑ دیں، ہمت ہے تو علیمہ خان کے معاملے پر جے آئی ٹی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی صورتحال پر تشویش ہے، جب حکومت چھوڑی گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا اور اب 3 فیصد ہوگیا ہے، معیشت کی حالت پر سب پریشان ہیں، روپے کی قدر کم ہونے پر ایکسپورٹس بڑھتی ہیں، پہلی دفعہ ایسا ہورہا ہے روپے کی قدر کے ساتھ برآمدات میں بھی کمی آگئی ہے۔ ڈالر تاریخ میں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بڑھا، انکے ترجمان جن کو یہ اپنانے سے انکاری ہیں وہ یہ کہہ گئے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ روپیہ بھی گر گیا اور ایکسپورٹ بھی گر رہی ہیں، دنیا کی تین بہترین سروے کمپنیز نے پاکستان کو بی کیٹگری کر دیا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں اربوں ڈوب گئے، آج سٹاک مارکیٹ کا دنیا کی پانچ بد ترین سٹاک مارکیٹ میں شمار ہے۔ 12 ،12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ دوبارہ واپس آگئی ہے۔ پچاس لاکھ گھر تو کیا غریبوں کا روز گار چھین لیا، حکومت نے غریب سے روزگار چھین لیا۔ ہم نے بجلی کے کارخانے، سی پیک سرمایہ کاری، ایل این جی، کوئلے کے کارخانے لگائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر کہتے ہیں کہ سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر پوچھ گچھ وزیراعظم کی توہین ہے، نیب کے لئے چیلنج ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف کھڑا ہوتی ہے یا نہیں، نیب اب اس بات کا جواب دے جو کہانیاں کنٹینر پر سناتے تھے، ایک ایک کر کے ثابت ہو گیا کہ سب جھوٹ تھا، جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیجئے مگر عوام حساب لیں گے۔ اپوزیشن نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے بات کی تو آپ کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کےلئے چھتیس فیصد بجٹ مختص کیا تھا مگر آج جنوبی پنجاب کے لوگ دیکھتے ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں تو ہم ساتھ دیتے ہیں لیکن ریکارڈ پر کہتا ہوں کہ یہ ڈھکوسلا اور دھوکہ ہے یہ جنوبی پنجاب صوبے کےلئے کچھ نہیں کریں گے۔ کام کرنا ہے تو شہباز شریف اور نواز شریف کی طرح کام کر کے دکھاﺅ۔ اورنج لائن غریب قوم کی سواری ہے مگر انکے وزیر کہتے ہیں کہ یہ سفید ہاتھی ہے، اس پر چین کیا کہے گا خدا کا خوف کرو، منصوبہ سامنے کھڑا ہے انکے پاس اتنی اہلیت نہیں کہ اسے مکمل کر سکیں۔
حمزہ شہباز

مزیدخبریں