پشاور(بیورورپورٹ+اے این این) پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیب پریس اور نیوز چینل کی حد تک بڑا فعال نظر آرہا ہے باقی کچھ نہیں کررہا۔پشاور ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران نیب پراسیکوٹر کیعدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب خیبر پی کے ا فرمان اللہ جان عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس قیصر رشید نے ڈی جی نیب سے استفسار کیا کہ نیب پراسیکوٹر کیوں نہیں آئے ۔ ہائیکورٹ میں صرف دو پراسیکوٹر ہیں جو کبھی ایک اور کبھی دوسری عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ڈی جی نیب نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے منظوری دی ہے جلد پراسیکوٹر تعینات کریں گے۔ جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس میں کہا کہ نیب پریس اور نیوز چینل کی حد تک بڑا فعال نظر آرہا ہے باقی نیب کچھ نہیں کررہا، نیب کا اپنا یہ حال ہے کہ کیسز کی پیروی کیلئے پراسیکوٹر نہیں ہے۔ چیئرمین نیب کو پیغام پہنچائیں کہ میرٹ پر قابل لوگوں کو بھرتی کریں۔ پراسیکوٹر نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے کیسز متاثر ہورہے ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ
نیب میڈیا کی حد تک بڑا فعال‘ باقی کچھ نہیں کر رہا : پشاور ہائیکورٹ
Jan 10, 2019