گجرات (نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے گجرات یونیورسٹی میں اکیڈمک بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی اور حکومت نے ایران امریکہ لڑائی میں حصہ نہ لے کر اور امن کا راستہ اختیار کر کے درست فیصلہ کیا ہے، اب خطہ میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کردار بھی ادا کرے، حکومت اور اپوزیشن اس فیصلے پر ایک پیج پر ہیں، آرمی ایکٹ کی منظوری ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے، اس فیصلے پر اپوزیشن جماعتوں نے حمایت کر کے قومی سوچ اور میچورٹی کا جو مظاہرہ کیا ہے اس سے ادارے مضبوط ہوں گے اور معیشت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے، ملکی مفاد میں جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو سب مخالفتوں کے باوجود پوری قوم ایک پیج پر کھڑی ہوتی ہے، آرمی ایکٹ کی منظوری میں ہماری جماعت نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، معیشت مضبوط ہو گی تو پاکستان روشن ہوگا مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پوری توجہ سے اقدامات کر رہی ہے گجرات یونیورسٹی کا معیار تعلیم بلند سے بلند تر ہو رہا ہے، گجرات اب یونیورسٹی آف گجرات کی وجہ سے جانا جاتا ہے، ساری زندگی سیکھنے کا عمل مکمل نہیں ہوتا، میں آج بھی خود کو سٹوڈنٹ سمجھ کر اور سیکھ کر زندگی بسر کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گیارہ سال میں شہبازشریف نے ہمارے منصوبوں کو ختم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا لیکن آج ہمارے مخالفین بھی ہمارے فلاحی منصوبوں کی تعریف کرتے ہیں اور 1122 کو استعمال کرتے ہیں تو ان کے دل ٹھنڈے ہو جاتے ہیں، شہبازشریف نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو شروع نہیں ہونے دیا تھا انہیں کسی مریض کی آہ لگی ہے، آج آپ دیکھ لیں وہ کدھر ہیں، سیالکوٹ- لاہور موٹروے میرا منصوبہ تھا جسے شہبازشریف نے مکمل نہیں ہونے دیا اور اس پر بننے والی دو یونیورسٹیاں بھارت منتقل ہوگئیں، میں اس منصوبے کو واپس لے کر آئوں گا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن تھا کہ تعلیم کو آگے بڑھایا جائے، اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم سکول، کالج اور یونیورسٹیاں بنا رہے ہیں، ہماری سیاست کا مقصد ملک کو سوشل ویلفیئر سٹیٹ بنانا ہے، ہم تشہیر نہیں کرتے ہمارے کام بولتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، عبداللہ یوسف ایم پی اے، سعادت نواز اجنالہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق اور دیگررہنما بھی موجود تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ نے پرتپاک استقبال کیا، گلدستے پیش کیے اور ’’یونیورسٹی آف گجرات کے بانی‘‘ کے نعرے لگائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی میں درس و تدریس کا فروغ دیکھ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں وائس چانسلر ڈاکٹر شبر عتیق نے استقبالی کلمات میں کہا کہ گجرات میں یونیورسٹی کا قیام ایک قابل قدر کارنامہ ہے۔ جامعہ گجرات کے نامور سپوت اور جامعہ گجرات کے بانی چوہدری پرویز الٰہی کی آمد ہم سب کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید نے تقریب افتتاح کی نظامت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تمام ترقی یافتہ اقوام نے علمی ترقی کے بل پر انسانی تہذیب کو نئی منزلوں کی جانب راغب کیا۔ جامعہ گجرات کا قیام و ترقی چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے خاندان کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نوجوان طلبہ کی تعلیمی و علمی فلاح و بہبود اجتماعی قومی ترقی کا پائیدار وسیلہ ہے۔ ڈائریکٹر ورکس منظور احمد لغاری نے بتایا کہ49860مربع فٹ پر محیط نئے اکڈیمک بلاک کی تعمیر پرتقریباً160ملین روپے کی لاگت آئی ہے اور اسے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی معاونت سے فر اہم فنڈ کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ تین منزلوں پر مشتمل نئے اکڈیمک بلاک میں24کلاس روم، 12لیکچر ہال ،6کمپیوٹر لیب کے علاوہ18مختلف دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں۔ یہ بلاک 2500طلبا و طالبات کے لیے کارآمد ہو گا۔ تقریب افتتاح میں سابق وزرا،اراکین صوبائی اسمبلی ،ضلعی انتظامیہ کے اراکین، سول سوسائٹی کے نمائندگان ، اساتذہ و طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔