لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل کانفرنس برائے ڈینگی2020ء کا افتتاح کر دیا۔ عثمان بزدار نے خطاب میں کہا کہ ڈینگی مچھر سے پاکستان ہی نہیں بلکہ بہت سے ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔ ڈینگی کے خاتمے اور بچائو کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود گزشتہ برس ڈینگی کی وباء پر کنٹرول کیلئے مختلف شہروں کے دورے کئے اور ہر ضلع میں گیا، حکومت پنجاب نے ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر فوری اقدامات شروع کئے اور ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا گیا۔ عوامی نمائندوں، محکمہ صحت اور انتظامیہ کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ سیاسی نمائندوں نے بھی دن رات ایک کرکے ڈینگی پر قابو پایا۔ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی ہیلتھ اور سیفٹی کیلئے اخلاقی، مالی اور انتظامی سپورٹ فراہم کرے جبکہ متعلقہ محکموں کا فرض ہے کہ وہ موثر اور جانفشانی سے وضع کر دہ پلا ن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ہم ڈینگی کے خلاف فائر فائٹنگ یا وقتی اقدامات کرنے کی بجائے مستقل پلاننگ کر رہے ہیں اور ہمارا مشن ہے کہ نئے پاکستان میں سب شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات کی خدمات ہر طرح قابل تحسین ہیں۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت جس میں دریائے راوی کے کنارے نیا شہر بسانے کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں مجوزہ منصوبے کے حوالے سے شرکاء نے سفارشات اورآراء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں میں پولیو کے کیس سامنے آنے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیو کے کیس سامنے آنے پر متعلقہ انتظامیہ اور اداروں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں پولیو کے کیس سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ عثمان بزدار ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل اطہر علی خان کی رہائش گاہ پر گئے۔ اور والدہ کے انتقال پر اطہر علی خان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔