اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش ہے اور پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ صدیقی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کو 158 روز ہوگئے، وادی کے 80 لاکھ لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، بھارت کے غیر قانونی اقدام کو پوری دنیا میں مخالفت کا سامنا ہے۔ بھارت غیر ملکی سفارتکاروں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، بھارت سفارتکاروں کو حریت قیادت سے ملنے کی اجازت دے۔ امریکا ایران کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، وزیرخارجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پالیسی بیان دے چکے ہیں، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہوگی، پاکستان خطے میں امن واستحکام کا خواہاں ہے۔ خطے میں تناؤ میں کمی اور امن کیلئے کوششوں کی گنجائش موجود ہے وزیر خارجہ کے دوروں کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ کرتار پور راہداری کھولنا وزیراعظم کا وژن ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش، بھارت غیر ملکی سفارتکاروں کو حریت قیادت سے ملنے دے: پاکستان
Jan 10, 2020