اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر ہاؤس اسلام آباد میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام میں اہم میٹنگ ہوئی۔ تاجر نمائندوں، کاشف چوہدری،نعیم میر، اجمل بلوچ جبکہ ایف بی آر حکام کی طرف سے نوشین امجد قائم مقام چئیرپرسن ایف بی آر، ممبر آئی آر پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق، ڈی جی ریٹیل حمید میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک گیر سطح پر قائم کمیٹیوں کو آئندہ دو روز میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ایف بی آر ہاوس اسلام آباد میں بائیس جنوری شام تین بجے ملک بھر کے اہم تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کا مشترکہ اجلاس ہو گا جس میں تاجرتنظیموں کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر ہونے والی پیش رفت پر چیئرپرسن ایف بی آر و دیگر حکام تاجروں کو اعتماد میں لیں گے۔ تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام میں طے پایا کہ مورخہ چوبیس جنوری کو راولپنڈی اسلام آباد، ستائیس جنوری کراچی، انتیس جنوری ملتان، تیس جنوری فیصل آباد اور اکتیس جنوری کو لاہو ر کے ریجنل دفاترمیں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے مشترکہ اجلاس ہوں گے۔ جبکہ ٹرن اوور ٹیکس سے پیدا مشکلات کا از سر نو جائزے کے لئے ٹائرز، موبائلز، گھی، چینی، دالیں وغیرہ، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، الیکٹرانکس، یارن، آئرن سٹیل، پیپر، آٹو موبائل و دیگر سیکٹرز کے ساتھ مورخہ تیر ہ اور چودہ جنوری کو ایف بی ہاؤ س اسلام آباد میں میٹینگ ہو گی۔