حکومت پاکستان کوحقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے: وزیراعظم

Jan 10, 2020 | 10:12

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کواپنے بانیوں کے ویژن اور ریاست مدینہ کے فلسفے کے مطابق حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں تیس ارب روپے مالیت کے ہنرمندپاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ہنرمندبنانااورانہیں تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روزگارحاصل کرکے اپنے اہلخانہ کی کفالت کرسکیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کوروزگارکے مواقع کی فراہمی کے لئے سازگارماحول پیدا کرنے پرتوجہ مرکوز کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہنرمندپاکستان پروگرام کے تحت آئندہ چاربرسو ں کے دوران پانچ لاکھ نوجوانوں کومصنوعی ذہانت بڑے پیمانے پراعدادوشمار اورروبوٹس جیسی جدیدٹیکنالوجی کی صلاحیتوں سے آراستہ کیاجائے گا۔

عمران خان نے کہاکہ پہلے مرحلے میں حکومت نے ایک لاکھ سترہزارنوجوانو ں کی تربیت کیلئے دس ارب روپے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہنرمندپاکستان پروگرام کے تحت ملک بھرمیں بین الاقوامی معیارکے اداروں سے وابستہ تین سوسمارٹ تکنیکی مراکزبھی کھولے جائیں گے۔

وزیراعظم نے امریکہ کی جانب سے ایرانی کمانڈرکے قتل کے بعد دونوں کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی پرتبصرہ کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیاکہ پاکستان ہرگزکسی کی جنگ کاحصہ نہیں بنے گابلکہ وہ ملکوں کے درمیان امن کے فروغ کے لئے کردارادا کرے گا۔

انہوں نے واضح طورپرکہاکہ ہم سعودی عرب اورایران کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے امریکہ کے صدرڈونلڈٹرمپ کوبھی اس بات کی پیشکش کی ہے کہ پاکستان امریکہ اورایران کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے کرداراداکرنے کو تیارہے۔
 

مزیدخبریں