لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پنجاب پولیس ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے پبلک سروس ڈلیوری کوبہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رہنے کے علاوہ سماج دشمن عناصر کے قلع قمع میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس کے تربیتی معیار کو بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ ماڈیولز کو اپ گریڈ کیا گیاہے جبکہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ،ڈولفن، پیرو، اینٹی رائٹ سمیت سپیشلائزڈ فورسز کی تشکیل سے پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے جس سے پولیسنگ کے چیلنجز اور تقاضوں سے نبرد آزما ہونے میں مدد مل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پاک نیوی کے کمانڈر سنٹرل پنجاب و کمانڈنٹ نیوی وار کالج رئیر ایڈ مرل محمد زبیر شفیق سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔