کینیڈا، امریکا اور برطانیہ کے حکام نے ایران پر یوکرین کا طیارہ تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی رہنماوں کا کہنا تھا کہ ایسا ہوسکتا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافے اور ایران کے عراق امریکی فوجی اڈوں پر راکٹ حملوں کے باعث ایران نے غلطی سے میزائل سے یوکرینی طیارہ مار گرایا ہو۔امریکا کے 4 عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ مسافر طیارے کو غلطی سے خطرہ نہ سمجھ لیا ہو۔حادثے میں کینیڈا کے 63 شہری ہلاک ہوئے تھے جس پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اوٹاوا میں کہا کہ ہمارے پاس اتحادیوں سمیت ذاتی انٹیلی جنس ذرائع ہیں، شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ ایران نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے طیارے کو مار گرایا تھا۔دوسری جانب برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے بھی ایسے ہی بیانات دیے۔اسکاٹ موریسن نے یہ بھی کہا کہ یہ بظاہر غلطی معلوم ہوتی ہے، ہمیں پیش کی گئی انٹیلی جنس معلومات سے نہیں لگتا کہ ایسا دانستہ طور پر کیا گیا۔