لاہور (کلچرل رپورٹر) نوائے وقت کے معروف کالم نگار اور آسٹرالوجسٹ یٰسین وٹو انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ ان کی عمر 80 سال سے زائد تھی۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ وفاقی کالونی کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں ان کے عزیزواقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یٰسین وٹو نے اے جی آفس سے بطور اکائونٹس آفیسر ریٹائرمنٹ کے بعد نوائے وقت میں کالم نگاری شروع کی۔ آسٹرالوجسٹ کے طورپر بھی انہوں نے کافی شہرت حاصل کی۔ وقت ٹی وی پر بطور آسٹرالوجسٹ انہوں نے ایک لائیو شو بھی کیا۔ نوائے وقت کے سنڈے میگزین میں ان کا کالم ہفتہ کیسا رہے گا اور ادارتی صفحے پر گردش افلاک کے نام سے کالم شائع ہوتے تھے۔ وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ بھی وابستہ تھے۔ ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج بروز اتوار بعد نماز ظہر ان کی اقامت گاہ ڈی بلاک وفاقی کالونی میں ہوگی۔