لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ میں موسم سرما کی 15 روزہ تعطیلات ختم ہونے کے بعد تمام نوعیت کی درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی، ہائیکورٹ میں کل( پیر)سے تمام نوعیت کے مقدمات کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوجائے گا۔لاہور ہائیکورٹ میں پرنسپل سیٹ پر نئے شروع ہونے والے ہفتے سے نیب، انسداد دہشتگردی، منشیات سمیت دیگر کیسز کی بھی سماعت شروع ہوجائے گی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان سمیت 26 ججز پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گے، چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات اور فوجداری کیسز،جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس شمس محمود مرزا بینکنگ، انٹراکورٹ اپیلوں اور جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل سمیت دیگر فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سرفراز احمد ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دورکنی بنچ نیب کیسز اور جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ انسداد دہشتگردی سمیت فوجداری کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس عائشہ اے ملک امریکہ سے واپسی پر پچیس جنوری سے پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گی، جسٹس عاطر محمود پندرہ جنوری جبکہ جسٹس محمد طارق عباسی 30 مارچ تک پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گے۔
ہائیکورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات ختم‘ تمام نوعیت کی درخواستوں کی وصولی شروع
Jan 10, 2021