کراچی(کامرس رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے کراچی کے سب سے بڑے اورقدیم صنعتی ایریا میں فضلہ اور کچرا ٹھکانے لگانے کامؤثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جس سے سائٹ ایریا ’’ کچرا کنڈی‘‘ کا منظر پیش کررہاہے لہٰذا فوری طور پر اس علاقے سے باالخصوص کوئلہ کانٹا سے صنعتی فضلہ، ملبہ اور کچرا صاف کرنے کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ خام مال اور برآمدی مال کی بلارکاوٹ ترسیل یقینی بنائی جاسکے۔عبدالہادی نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر زبیر احمد چنہ کو ارسال ایک خط میں نشاندہی کی کہ سائٹ ایریا میں انفرااسٹرکچر کی انتہائی خستہ حالت اور روڈ نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی صنعتکاروں کو سامان کی ترسیل اور آمدورفت میں مشکلات کا سامناہے اور اب جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگنے سے صنعتکار برادری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے باالخصوص کوئلہ کانٹا کو غیر قانونی طور پر فضلہ اور کچرے کا ڈمپنگ پوائنٹ بنانے سے وہاں سے گزرنا محال ہوگیا ہے، ٹوٹی سڑکیں اور سیوریج سے بھرے نالوں کے علاوہ کوڑے کے ڈھیر کو سائٹ ایریا میں ہر جگہ دیکھا جاسکتا ہے جس سے پورا ایریا کچرا کنڈی میں تبدیل ہو کررہ گیا ہے۔
سائٹ صنعتی ایریا’’ کچرا کنڈی‘‘ کامنظر پیش کرنے لگا
Jan 10, 2021