ملتان (سپیشل رپورٹر)خطہ پوٹھوار میں زیتون اور دیگر ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کو مزید کامیاب بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے دورہ کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زیتون کے باغبانوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ ملکی خوردنی تیل کی پیداوارکو بڑھانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ زرعی سائنسدانوں کو زیتون اور دیگر ہائی ویلیوفصلات کی نئی اقسام کو متعارف کرانے کے لیے تحقیقی عمل کو مزید تیز کرنا ہو گا۔ خطہ پوٹھوار مختلف پھلوں کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے اور اس حوالہ سے کاشتکاروں کی مزید فنی رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔