دہشتگردی ختم کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات ضروری‘ بھارت، اسرائیل بدترین دشمن‘ طاہر اشرفی

Jan 10, 2021

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی، مشرق وسطی اور مسلم ممالک حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان نے متحد ہو کر دہشتگردی کی لعنت کو شکست دی تھی اور اب ہمیں ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے لوگ محب وطن پاکستانی ہیں، بعض عناصر اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل پاکستان کے بدترین دشمن ہیں اور ہمارے خلاف دہشتگردوں کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں، پوری قوم کو ایسے شرپسند عناصر کا ملکر مقابلہ کرنا  چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے پہلے ہی پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے چار دہشتگرد گروپ پکڑے ہیں جنہوں نے بھارت یا اسرائیل طرف سے فنڈنگ کئے جانے کا دعوی کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ لواحقین کے ساتھ اپنے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں