ابوظہبی(این این آئی )عرب اتحاد نے کہا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازرانی کے لیے مسلسل خطرے کا موجب ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہورہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے اس بات پر زور دیا کہ حوثی ملیشیا کی بحری قزاقی کی منصوبہ بندی ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے کی تھی۔اس نے اس ضمن میں پریس بریفنگ میں تصاویراورویڈیوز سمیت بعض دستاویزی شواہد پیش کیے ۔عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا بین الاقوامی پانیوں میں بحری قزاقی اوراغوا کی وارداتوں کے ذریعے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں جہازرانی کو نشانہ بنانے کے لیے 100 بارودی کھلونا کشتیوں کا استعمال کیا ہے۔اس کیعلاوہ یمن کی الحدیدہ بندرگاہ سے 432 بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔