لاہور(نامہ نگار)مناواں کے علاقے میںٹریفک وارڈن قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ملزمان نے راستہ بلاک کرنے سے روکنے پر وارڈن کاشف امین کو فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مناواں کے علاقے میں 39سالہ ٹریفک وارڈن کو قتل کرنے والے ملزموں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ کاشف امین کو مقامی رہائشی اویس ایوب بٹ نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ مقتول کے چچا مصدق کی مدعیت میں اویس ایوب بٹ سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کاشف امین اپنے چچا کے ہمراہ گاڑی پر جا رہا تھا۔ ملزم اویس ایوب بٹ نے اپنا ڈالہ سڑک پر کھڑا کر رکھا تھا۔ کاشف امین نے راستہ بلاک کرنے کی وجہ پوچھی توان میں جھگڑا ہو گیا۔ دریں اثناء ٹریفک وارڈن کاشف کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں سی ٹی او لاہور منتظر مہدی ایس پی کینٹ آپریشنز عیسیٰ سکھیرا، ایس پی سٹی شہزاد خان ایس ڈی پی او مناواں سرکل، ڈی ایس پی مغلپورہ، ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن، ڈی ایس پی عبدالغنی، ڈی ایس پی اشفاق احمد کی بھی شرکت کی اس موقع پر سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے شہید کاشف کے ورثا سے اظہارِ تعزیت۔شہید کے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
وارڈن قتل میں پیشرفت، قاتل گرفتار، راستہ بلاک کرنے سے منع کرنے پر گولی مار دی
Jan 10, 2022