راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) مری میں برفباری کے طوفان میں پھنس کر جاں بحق ہونے والوں کے دنیا سے چلے جانے پر نہایت افسوس ہے اور ان کے گھر والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ۔ا ن خیالات کا اظہار فرزندکوہسار اورسیاسی و سماجی شخصیت راجہ سکندر محمود نے کیا۔انہوں نے کہا کہ مری کے عوام غیور اور مہمان نواز ہیںچند شر پسند عناصر اس مشکل گھڑی میں نفرت پھیلانے سے گریز کریں،انہوں نے واضح کیا کہ مری میں قائم 70فیصد ہوٹل یا تو غیر مقامی لوگوں کی ملکیت ہیں یا انہوں نے ٹھیکے پر لئے ہوئے ہیں،اس لئے کرائے بڑھانے کا اختیار غیر مقامی مالکان کے پاس ہے۔تیس فیصد مقامی لوگ جو ہوٹل مالکان ہیں انہوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طوفان میں پھنسے لوگوں کو مفت رہائش کی دعوت دی،سوشل میڈیا پرمختلف پوسٹوں اور دیگر ممکن زرائع سے اپنا رابطہ نمبر سیاحوں تک پہنچانے کی کوشش کی۔