اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کیلئے کوشاں: شاہ محمود‘ رومانیہ پہنچ گئے 

Jan 10, 2022

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی رومانیہ پہنچ گئے۔ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملی ہے۔ تھوڑے عرصے میں تین لاکھ اکاؤنٹس کے ذریعے تین ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا گھر اور اپنی کار سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آپ گھر بیٹھے لیپ ٹاپ کے ذریعے پیسے منتقل کر سکتے ہیں۔ وطن سے باہر پاکستانیوں کیلئے سرمایہ کاری میں بے پناہ سہولتیں دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال ریکارڈ 30 ارب ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ سیٹزن پورٹل پر بھی شہری اپنی شکایات بیان کر سکتے ہیں۔ وزارت خارجہ پورٹل کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ سفارتی عملے کو پاکستانی کمیونٹی سے  اچھے روابط قائم کرنے کی ہدایت کی۔  پاکستانی برادری کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کیلئے بات کروں گا۔ موجودہ حکومت کے خارجہ تعلقات کی بنیاد معاشی روابط ہیں۔  کوشش ہے کہ جی ایس پی پلس  سکیم 2023ء کے بعد بھی جاری رہے۔ یورپ کے ساتھ جی ایس پی پلس کے باعث دو طرفہ تجارت دوگنا ہو گئی ہے۔ ماضی میں مغربی یورپ پر توجہ دی گئی اور مشرقی یورپ کو نظرانداز کیا گیا۔ پاکستانی مصنوعات کیلئے مشرقی یورپ کی منڈیوں میں رسائی قدرے آسان ہے۔ سی پیک منصوبے کے ذریعے  بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ قبل ازیں  بخارسٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال اور رومانیہ کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ رومانیہ میں، رومانیہ کے وزیر اعظم نکولائی ایونل چیوکا، وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو اور وزیر اقتصادی امور سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں