اسلام آباد (رانا فرحان اسلم +خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) ملک کی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ کو منظوری سے روکنے کیلئے کمر کس لی۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں منی بجٹ کے خلاف ون پوائنٹ ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) صدر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی قائدین شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فنانس بل اور فارن فنڈنگ کیس سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت ہوگی اور قومی اسمبلی میں منی بجٹ منظوری سے روکنے کیلئے حکمت عملی پر غور ہوگا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی پارلیمنٹ کے سامنے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مِنی بجٹ اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ دریں اثناء چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کے درمیان آج ملاقات متوقع ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔
پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس آج، بلاول شہباز ملاقات متوقع
Jan 10, 2022