چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ، گوجرانولہ ، حافظ آباد ، سیالکورٹ انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت

Jan 10, 2022

 وزیر آباد+گجرات (نامہ نگاران)  حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب، خانکی بیراج اور ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے سے نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ملک بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث دریائے چناب میں خانکی بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 102577 کیوسک اور پانی کا اخراج 98631 کیوسک ہے جبکہ ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 102831 کیوسک اور اخراج99723 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ محکمہ آبپاشی نے دریائے چناب کے ابتدائی تین ہیڈورکس مرالہ، نیوخانکی بیراج اور قادر آباد بیراج پر حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضلع سیالکوٹ، گوجرانولہ اور حافظ آباد کی ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے اپنے اپنے علاقوں میں محکمہ انہار کیساتھ ملکر سیلابی صورتحال میں ہنگامی الرٹ پر عملدرآمد کرتے ہوئے فوری طور پر حفاظتی انتظامات کا حصہ بنیں۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق بارشی پانی اکٹھا ہوتے ہوئے نالہ بھمبر کے راستے گجرات میں داخل ہوگیا ہے۔ جس سے نالہ بھمبر بھر گیا ہے۔ نالہ بھمبر میں لوگوں نے رہائشیں بنا رکھی ہیں۔ کسی بھی وقت اچانک زیادہ پانی آنے سے ہنگامی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں