کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و صوبائی وزیر شہلا رضا، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مری حادثے نے انسانی زندگیوں کے ضیاع پر پی ٹی آئی حکومت کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض ٹی وی پر ٹیکرز اور باتیں کرنے سے عوام کو سہولیات نہیں مل سکتی ہے جھوٹ فریب اور میڈیا کنٹرولنگ کے ذریعہ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے والوں نے گزشتہ تین سالوں میں لاکھوں گھروں کی رونقیں چھین لی ہیں۔پی ٹی آئی اور ان کے وزرا پریس کانفرنسز کر کے عوام کو ریلیف دینے کے بڑے بڑے دعوے گزشتہ تین سالوں سے کررہے ہیں مگر حقائق ایسے ہی ہیں جیسے مری میں ہلاک ہونے والوں کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گزشتہ تین سالوں سے صرف باتوں کے پہاڑ بنا رہی ہے جبکہ زمینی حقائق صفر کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سمیت تمام وزرا اور مشیر صرف ٹی وی پر عوامی ہمدردی کا جھوٹا رونا اور اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل رہتے ہیں جبکہ انہیں ملک میں غربت، بیروزگاری اور غریب عوام کی رتی برابر فکر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا یہ شیوا بن چکا ہے کہ ہر برے اقدام کو باتوں کے ذریعے حل کیا جائے اور عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج آٹا، چینی، پیٹرول سمیت تمام بنیادی مسائل پر پی ٹی آئی نے آنکھیں بند کررکھی ہے اور عوام سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لیا جارہا ہے۔ پی پی پی رہنماں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور بہت جلد پاکستان کی عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد کی جانب رخ کر کے اس نالائق حکومت کو گھر کا راستہ دکھائے گی۔