مری واقعہ پر حکومت اورتمام ادارے فوری حرکت میں آئے : مسرت جمشید چیمہ

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مری میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد حکومت اورتمام ادارے فوری حرکت میں آئے اور ریسکیو کا کام شروع کیا گیا ،بد قسمتی ہے کہ اپوزیشن کو سانحہ میں بھی اپنی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہوئی ہے جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مری میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی ساری مشینری متحرک ہے ، سویلین اور عسکری اداروں نے اپنی استعداد سے بڑھ کر کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کوبھی ریسکیو کے عمل کی نگرانی پرمامور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے نام نہاد خادم اعلی لانگ شوزپہن کر کیمروں کے جھرمٹ میں کارکردگی دکھاتے تھے اورون مین شو کی وجہ سے مسائل کے حل کے اقدامات عارضی ثابت ہوتے تھے ، موثر اقدامات کی وجہ سے آج وزیر اعلی کو لانگ شوز پہن کر فوٹو شوٹ کی ضرورت پیش نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ مری میں جو صورتحال پیدا ہوئی وہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن اپوزیشن کو زمینی حقائق کو مسخ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن