شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے نے مری میں سیاحوں کی ہلاکتوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو قرار دیاہے اور کہا کہ مری میں 3 روز میں ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہونے پر وفاقی حکومت نے عوام کی خوشحالی کا کریڈٹ لے لیامگر 22 لوگ جان سے گئے تو سرکار نے عوام کو ہی ذمے دار قرار دیدیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اپنے ایک بیان میں پیر سید اشرف رسول ایم پی اے نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کیلئے وبال جان ثابت ہوئی ہے قوم سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا حکمرانوں نے تین سال اپوزیشن پر الزام تراشی میں گزار دیئے عوام کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے ، ریاست کو مستحکم بنانے کیلئے عوام کے ووٹ کو اہمیت نہ دی گئی تو جمہوریت کو سنگین خطرات لاحق ہوں گے نواز لیگ کی قیادت ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لیکر جمہوریت کو مستحکم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے جس میں نوجوان طبقہ ہر اول دستے کا کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت صرف احتساب کے نام پر اپوزیشن جماعتوں کا استحصال چاہتی ہے جسے سیاسی کارکن اور نہ عوام کبھی تسلیم کریں گے۔