ٹھٹھراتی سردیوں میں کریں زلفوں کی حفاظت 

Jan 10, 2022

سردیاں جلد کو متاثر کرتی ہی ہیں لیکن ان سے خاص طور پر خواتین کے بال بہت خراب اور روکھے ہو جاتے ہیں۔یہی نہیں بالوں کے مزید مسائل جنم لے کر دردِ سر بن جاتے ہیں جن میں بالوں کا دو مونہہ ہو جانا بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ بالوں میں کرنٹ پیدا ہونا بھی موسم سرما ہی کا تحفہ ہے۔موسمِ سرما ہو یا گرما ماحول آپ کے بالوں کی صحت میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن سرما میں بالوں کی حالت گرما کے مقابلے میں خاصی پتلی ہو جاتی ہے۔
کبھی آپ نے سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے!دراصل سرد ہوائیں اور دھوپ مل کر کچھ ایسی فضا تخلیق کرتے ہیں کہ بال کھردرے اور بے رونق لگنے لگتے ہیں۔اس پر اگر بارش ہو جائے تو بالوں کی مزید بربادی لازمی ہے۔موسموں کا بالوں پر خاصا تباہ کن اثر ہوتا ہے اور ایسا بھی ہوتا ہے کہ تمام موسمی اثرات ایک ساتھ بالوں کی صحت اور خوبصورتی کے دشمن بن جائیں۔بہرحال سردیوں میں بالوں کا خراب ہونا تو ایک عام بات ہے آپ اپنے بالوں کا خاص خیال رکھ کر انہیں بہتر بنا سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر سردیوں کے دوران آپ ان بالوں میں ایسے آلات نہ لگائیں جو گرم ہوا پھینکتے ہوں مثلاً ڈرائیر کی بجائے بالوں کو روم ٹمپریچر میں خشک کریں۔سردیوں میں پرآکسائیڈ والی ڈائی بھی بالوں پر مت لگائیں اس کی جگہ پرآکسائیڈ استعمال نہ کرنے والی یا کم کرنے والی ڈائی بالوں کو کم خراب کرے گی۔خشکی سے لڑائی بھی اس موسم کا خاصہ ہے۔
سردیوں میں کھوپڑی خشک ہو جاتی ہے اور فضا میں موجود نمی آپ کی کھوپڑی میں سکری پیدا کرکے اسے مزید خشک کر دیتی ہے۔ ایسی جلد خشکی پیدا کرتی ہے۔خشکی سے نجات کے لئے نیم گرم تیل بالوں میں لگائیں لیکن اس سے قبل تیل میں لیموں کا تھوڑا سا عرق ڈالنا مت بھولئے گا۔آپ چاہیں تو براہِ راست لیموں کا رس بالوں کی جلد پر بھی لگا سکتی ہیں اس کے بعد نیم گرم تیل سے سر میں مساج کر لیں۔سردیوں میں کنڈیشنر کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ایسے کنڈیشنر استعمال کریں جو چکنے نہ ہوں اور انہیں بالوں میں چند منٹ لگا کر چھوڑ دیں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔بالوں کو ہفتہ میں زیادہ سے زیادہ 2 سے 3 بار دھوئیں اس طرح بال زیادہ خشک ہونے سے بچ جائیں گے۔گھر سے باہر جانے سے قبل بالوں کو خشک کرنا مت بھولئے گا۔سردیوں کے موسم میں اپنے بالوں کی ہر 6 سے 8 ہفتوں کے بعد ٹرمنگ کریں اس طرح بالوں کے دو مونہہ نہیں ہوں گے اور وہ خشک ہونے سے بھی محفوظ رہیں گے۔
اگر آپ اپنے بالوں کو ڈھک کر رکھیں تو اس پر موسم کا اثر نہیں ہو گا۔بالوں پر دوپٹہ اوڑھیں یا اسکارف باندھیں بس اس بات کا خیال رہے کہ دوران خون درست انداز میں جاری رہے اور سر کی جلد متاثر نہ ہونے پائے۔نیم گرم زیتون کے تیل کا مساج بالوں کو خوبصورتی اور چمک دیتا ہے ساتھ ہی بالوں سے خشکی سکری کا خاتمہ کرتا ہے۔ یہ بالوں کو ٹوٹنے سے بھی بچاتا ہے۔سردیوں میں پانی پینے کی طلب کم ہو جاتی ہے لیکن زائد پانی پینے سے جسم اندر سے نم رہتا ہے اور بالوں میں بھی یہ نمی اپنا اثر دکھاتی ہے۔اگر آپ ہیئر اسپرے استعمال کر رہی ہیں تو خیال رکھیں کہ اس میں الکحل کی مقدار زیادہ نہ ہو۔

مزیدخبریں