کورونا کی روک تھام، پاک افغان سرحد پر 1 لاکھ افراد نے ویکسین لگوا لی

Jan 10, 2022 | 12:11

ویب ڈیسک

اسلام آباد: کورونا کی روک تھام کیلئے پاکستان نے  افغان سرحد پر 1 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی ہے جبکہ یہ انکشاف وفاقی دارالحکومت میں ایک اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کی زیر صدارت افغان انٹر منسٹریل کو آرڈی نیشن سیل اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ افغان انسانی امدادی پیکیج کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شریک حکام کو آگاہ کیا گیا کہ طور خم اور چمن سرحد پر بالترتیب 51 ہزار 600 اور 55 ہزار 14 افراد نے ویکسین لگوائی، اور مزید ویکسینیشن کیلئے وزارتِ قومی صحت نے 5 لاکھ سے زائد خوراکوں کا وعدہ کیا ہے۔اے آئی سی سی اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے دوران مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف افغانستان کا دورہ کریں گے۔ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، تاہم دورے کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔سینئر پاکستانی حکام کا ایک وفد مشیرِ قومی سلامتی کی سربراہی میں جلد افغانستان کا دورہ کرے گا۔ ڈاکٹر معید یوسف نے افغان عوام کیلئے انسانی امداد کے عمل کو آسان بنانے کیلئے فورم کی جانب سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مزیدخبریں