پاکستان بزنس فورم فرانس کا فوکس پاکستان میں سرمایہ کاری ہونا چاہئے۔ قائم مقام سفیر

Jan 10, 2022 | 16:39

ویب ڈیسک

پیرس ( صاحبزادہ عتیق ) :بزنس فورم سفارتخانہ پاکستان کے شانہ بشانہ کمیونٹی کو کاروباری تعاون فراہم کرے گا۔ حاجی محمد اسلم ، سردار ظہور اقبال ڈپٹی ہیڈ آف مشن عباس سرور قریشی کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب  کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارت خانہ پاکستان پیرس فرانس عباس سرور قریشی جنہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیراہتمام پیرس میں ایک الوداعی دعوت کا اہتمام کیا گیا ۔  تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام سفیر پاکستان امجد عزیز قاضی تھے جبکہ میزبان تقریب صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری تھے, 
قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقریبات اس بات کا مظہر ہیں کہ کمیونٹی سفارتخانہ پاکستان کے کام سے مطمئن ہے۔انہوں نے  بزنس فورم کے قیام کو سراہا اور زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ فوکس پاکستان میں سرمایہ کاری پر ہونا چاہیے۔ صدر بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ فورم کے قیام کا مقصد ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور وطن عزیز و فرانس کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہے۔چئیرمین بزنس فورم سردار ظہور اقبال نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور عباس سرور قریشی کی کمیونٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور ان کی کارکردگی کی بھرپور تعریف کی۔ چیف کوآرڈینیٹر صاحبزادہ عتیق نے کمیونٹی اتحاد اور کشمیر کے حوالے سے عباس سرور قریشی کے کردار کا ذکر کیا۔ جنرل سیکریٹری یاسر خان نے کمیونٹی خدمات کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ ہیڈ آف مشن سفارت خانہ پاکستان پیرس (فرانس) عباس سرور قریشی نے اپنی مدت ملازمت کے دوران لوگوں کے کام کر کے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل کر کے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ عباس سرور قریشی ایک مخلص ہمدرد اور اعلیٰ صفات کے حامل پاکستانی ہیں جن کے دل میں پاکستانیوں کیلئے محبت کا خاص جذبہ موجود ہے ،عباس سرور قریشی فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دلوں میں پیار و محبت چھوڑ کر جارہے ہیں وہ جانے کے بعد بھی اپنے کاموں کی وجہ سے ہمیں یاد آتے رہیں گے۔اس موقع پر موجود تمام پاکستانیوں نے عباس سرور قریشی کو خوبصورت الوداعی الفاظ کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈپٹی ہیڈ آف مشن عباس سرور قریشی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب منعقد کرنے پر پاکستان بزنس فورم فرانس کا دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ فرانس میں اپنا قیام اور پاکستانیوں کی اپنے لئے محبت اور چاہت کبھی نہ بھلا سکیں گے۔

مزیدخبریں