صدر ڈاکٹر عارف علوی کی مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلیفون پر تعزیت

Jan 10, 2022 | 22:43

ویب ڈیسک

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلیفون پر تعزیت کی۔ صدر مملکت نے 30 دسمبر 2021 کو شمالی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کے ورثا سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے قوم کیلئے قربانی اور خدمات پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر نے حوالدار محمد منور اور سپاہی محمد شیراز کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔ صدر مملکت نے سپاہی ذکا اللہ اور سپاہی فرحان کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے 5 جنوری کو ضلع ٹانک میں سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی بات کی۔ صدر مملکت نے سپاہی شعیب حسن اور سپاہی فرید اللہ کے لواحقین سے رابطہ کیا۔ صدر مملکت نے ضلع کیچ بلوچستان میں شہید ہونے والے لانس نائیک منظور عباس اور سپاہی عبدالفتح کے ورثا سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی الیاس کے ورثا سے بھی بات کی.

مزیدخبریں