کاہنہ(نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے سینئرمرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی و معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا دورہ جنیوا ہر لحاظ سے کامیاب ثابت ہو گا۔میاں شہباز شریف نے اپنی کمال مہارت سے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان کو موسمیات سمیت کن کن چیلنجز کا سامنا ہے۔اقوام عالم کے سامنے اس طرح کا مدلل دو ٹوک موقف پیش کرنے کا سہرا صرف اور صرف میاں شہباز شریف کے سر ہی سجا ہے۔ سی پیک گوادر سمیت تمام منصوبوں پر پھر سے کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان رانا مبشر اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کے باعث ملک کو ترقی کی معراج پر پہنچانے والے تمام منصوبے پس پشت ڈال رکھے تھے۔جو اب دوبارہ شروع ہو نے جارہے ہیں۔میاں نواز شریف کی قیادت میں پہلے بھی ملک کو اندھیروں سے نکالا تھا۔اب بھی ایک بار پھر ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔یہ میاں شہباز شریف ہی تھے جن کی قیادت میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا گیا ہے۔ ملک میں جاری خود ساختہ بحرانوں کا خاتمہ بھی اسی عہد حکومت میں ہو گا۔