کانفرنس اعلانات توقع سے زائد، آئی ایم ایف کے بغیر ڈیفالٹ رسک کم نہیں ہوگا: مفتاح 


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نجی ٹی وی  کو انٹرویو  میں کہا ہے کہ ڈونرز کانفرنس میں توقع سے زیادہ رقم کے اعلانات کئے گئے ہیں۔ ان اعلانات کے بعد آئی ایم ایف سے بات کرنے میں آسانی ہوگی۔ گیس کی قیمت دو سال سے نہیں بڑھائی گئی۔ ستمبر 2020ء سے اب تک ہم نے گیس کی قیمت نہیں بڑھائی۔ صنعتوں اور امیر صارفین کیلئے گیس کی قیمت بڑھا سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف ہم سے نہ بھی کہے تو بھی گیس کی قیمت بڑھانا ناگزیر ہے۔ ہر ایک ارب ڈالر سے مسائل چار ہفتے کیلئے ٹل جاتے ہیں۔ قطر کو ایل این جی پاور پلانٹس فروخت کرنا خوش آئند بات ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس جائے بغیر ڈیفالٹ رسک کم نہیں ہوگا۔ ترسیلات زر بیس فیصد کم ہو گئیں ہیں۔ آج  پاکستانی پلاٹ نہیں  ڈالر خرید رہا ہے۔ اگر ہم ڈالر کو تھوڑا بڑھنے بھی دیں تو کیا مسئلہ ہے۔ جس دن آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگا بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ڈالر کی طلب خود بخود کم ہو جائے گی۔ اس وقت ڈیٹ سروسنگ کیلئے دنیا کے ادارے آپ کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔ ایسا نہیں کہ آئی ایم ایف وہ رعایت نہیں دیتا، بات کرنے سے بن جاتی ہے۔ یو اے ای نے دو ارب ڈالرز کا وعدہ آئی ایم ایف بورڈ سے کیا تھا۔ ایکسچینج ریٹ کا مسئلہ حل کئے بغیر آئی ایم ایف سے بات کرنا مشکل ہوگا۔ لگتا ہے کہ جون میں آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں جانا پڑے گا۔ من حیث القوم ہمیں برآمدات بڑھانے کی طرف جانا ہوگا۔ دوست ممالک سے قرض پر مہلت لینے سے بہتر نیا قرض لینا ہوگا۔ میں (ن) لیگ میں ہوں ، ہٹا دے گی تو گھر جاکر بیٹھ جاؤں گا۔ سعودی عرب اور چین جیسے دوستوں سے نئے قرضوں پر بات ہو سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن